• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی فنکار اسرا بلجیک کی حمایت میں بول پڑے

تُرک اداکارہ اسراء بلجیک کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈڑ بنانے پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سےاداکارہ کے لیے حمایتی پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اعجاز اسلم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں جب ترکش مواد نشر کیا جائے گا تو ظاہر سی بات ہے کہ ترکش فنکار بھی پاکستان آئیں گے، اِس میں مسئلہ کیا ہے؟‘

اعجاز اسلم نے لکھا کہ ’چلیں ہم بھی ترکش زبان سیکھ لیتے ہیں کیونکہ ایک طاقتور مقابلہ ہی ہمیشہ اچھا ہوتا ہے، اسی لیے برہمی کا اظہار کرنے کے بجائے اِس بات کو ہلکا لیں۔‘

اداکارہ عائشہ عُمر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اِس بات کی حمایت کروں گی کہ غیر ملکی فنکار پاکستانی برانڈز کی توثیق کریں کیونکہ یہ ہمارے برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔‘

عائشہ عُمر نے لکھا کہ ’ہمارا ملک پاکستان غیر ملکی ستاروں کا استقبال کرنے کا منتظر ہے آیئے ہم سب ملکر اِس اچھے کام میں تعاون کریں اور خوشی سے غیر ملکی فنکاروں کا استقبال کریں۔‘

اداکار و ماڈل بلال اشرف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں پوری دُنیا کے فنکاروں کاپا کستان میں خیر مقدم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ فن کی کوئی زبان یا سرحد نہیں ہوتی ہے۔‘

بلال اشرف نے لکھا کہ ’ہر شعبے میں سیاست نہ کریں اور دل سے غیر ملکی فنکاروں کو خوشی آمدید کہیں کیونکہ پاکستان ایک زندہ دل قوم کا ملک ہے اور پاکستانی عوام کے دلوں میں پیار ہی پیار ہے۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل یاسر حسین، ایمن خان اور منال خان کی جانب سے ترک اداکارہ اسراء بلجیک کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر اظہار برہمی کیا گیا تھا اور اِس ضمن میں اِن تینوں فنکاروں نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں اپنے پیغامات جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ اسراء بلجیک پاکستانی کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئیں۔

اسمارٹ فون کمپنی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ اسراء بلجیک کو نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین