مانسہرہ کے تفریحی مقام ناران میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے درجنوں ہوٹل سیل کرکے سیاحوں کو کل دوپہر 12 بجے تک ناران خالی کرنے کا حکم دیدیا۔
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نواب سمیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ ناران میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹل سیل کرکے سیاحوں کو انخلاء کے لیے کل دوپہر 12 بجے تک کا وقت دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر مقررہ وقت تک سیاح شہر سے باہر نہیں نکلتے تو ان کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جب تک پابندی ہے عوام سیاحت کے لیے نہ آئیں۔
انتظامیہ کی کاروائی پر ہوٹل ملازمین اور عوام نے شاہراہ کاغان پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔
اس موقع پر ہوٹل ایسوسی ایشن اور اے سی بالاکوٹ کے مابین مذاکرت میں ہوٹل مالکان کا کہنا تھا کہ 6 چیک پوسٹوں سے گزر کر سیاح ناران پہنچتے ہیں تو عورتوں اور بچوں پر ترس کھا کر ہوٹل کھولنے پڑتے ہیں۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کی ناران آمد پر پابندی کا اطلاق بھی ممکن بنائے۔