ڈولفن ایک معصوم سا آبی جانور ہے جو سمندروں اور دریاؤں، دونوں میں پایا جاتا ہے۔ لیکن آج سے ڈھائی کروڑ سال پہلے، اسی ڈولفن کا کم از کم ایک ارتقائی ایسا ضرور تھا جو نہ صرف جسامت میں موجودہ ڈولفن سے کہیں بڑا تھا بلکہ وہ قدیم پانیوں کا خطرناک شکاری بھی تھا۔یہ قدیم و معدوم ڈولفن جس کا سائنسی نام Ankylorhiza tiedemani ہے، 15.7 فٹ لمبی تھی۔
اگرچہ اس کا اوّلین مکمل رکاز (فوسل) 1990 ءمیں موجودہ ساؤتھ کیرولائنا سے برآمد ہوچکا تھا لیکن اسے غلطی سے کسی اور قسم کا شکاری جانور سمجھ لیا گیا تھا۔
اہم، حالیہ چند برسوں کے دوران جدید ترین مشاہداتی تکنیکی استعمال کرتے ہوئے جب اس رکاز کا ایک بار پھر جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ جسامت میں بہت زیادہ ہونے کے باوجود اس کے خد و خال نمایاں طور پر آج کی ڈولفن سے مشابہت رکھتے ہیں۔
اگرچہ یہ رکاز ڈھائی کروڑ سال قدیم ہے لیکن اس میں قدرتی طور پر ’’ایکولوکیشن‘‘ (آواز سے رہنمائی حاصل کرنے) کی صلاحیت بھی واضح طور پر موجود دکھائی دی۔ علاوہ ازیں ہڈیوں کی بناوٹ، جبڑے کی ساخت، دانتوں کی ترتیب اور ساخت وغیرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ڈولفن کی یہ معدوم قسم انتہائی خطرناک قسم کی شکاری تھی۔