• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں اپنے اہلخانہ سمیت کورونا کا شکار ہوگیا تھا، شہزاد رائے


پاکستان میوز ک انڈسٹری کے معرو ف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے مداحوں کو ایک اہم انکشاف سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے اہلخانہ سمیت عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے نے اپنی نئی ویڈیو کا یوٹیوب لنک شیئر کیا، گلوکار کی نئی ویڈیو کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بنائی گئی ہے۔

ویڈیو کی شروعات میں سب سے پہلے کارٹونک خاندان کو دکھایا گیا ہے جو کورونا سے پریشان ہوکر گھر میں قید ہیں، اُس کے بعد ویڈیو میں شہزاد رائے کی انٹری ہوتی ہے اور وہ ماسک لگائے سڑک پر موجود ہوتے ہیں کہ ایک بزرگ شخص سڑک پار کرنے کے لیے گلوکار سے مدد طلب کرتا ہے۔

اُس کے بعد گلوکار بنا ہاتھ پکڑے بزرگ شخص کو سڑک پار کروادیتے ہیں، اس منظر کے بعد شہزاد رائے اپنے مداحوں کو ایک اہم انکشاف سے آگاہ کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنے اہلخانہ سمیت کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے لیکن اللّہ کا شکر ہے کہ اب وہ سب بالکل ٹھیک ہیں۔

شہزاد رائے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ مہربانی اس بار عید الاضحیٰ سادگی سے منائیں اور صرف ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہورہی ہیں تو اس صورت میں بھی لازم ہے کہ آپ ماسک پہنیں کیونکہ ماسک نہ پہننے سے آپ کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں اور پھر آپ کی وجہ سے دوسرے لوگ بھی اس وائرس میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’اپنا خیال رکھیں، دوسروں کا خیال رکھیں اور ماسک پہنیں کیونکہ چہرے پر ماسک ہر پاکستانی کا ٹاسک ہے۔‘

واضح رہے کہ شہزاد رائے نے یہ خصوصی ویڈیو یورپی یونین پاکستان کی مشاورت سے بنائی ہے۔

تازہ ترین