جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، احتجاج میں شریک مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، آزادی گلی میں احتجاجی کیمپ میں سیاسی سماجی مذہبی وکلاء، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
مسلم لیگ ن کے نائب صدراقبال خاکسار، کے ایم سی سجن یونین کے صدر ذوالفقار شاہ، سینئر صحافی شکیل یامین کانگا، دی نیوز ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر، جاوید پریس کے جنرل سیکرٹری رانا محمد یوسف و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ کئی ہفتوں سےجاری ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کوئٹہ میں عید کے تیسرے روز بھی جنگ اور جیو کے ملازمین اور صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
نواب شاہ میں میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف صحافیوں نے مسجد روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔