پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے سفارتخانہ پاکستان میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پولینڈ میں مقیم پاکستانیوں نے کوروناوائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو اپناتے ہوئے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ پولینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے پاکستانی پرچم پولش فضاء میں بلند کیا۔ سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب کیا، جبکہ سفارتخانے کے قونصلر نعیم صابر نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
سفیر پاکستان ملک فاروق جنہوں نے چند ماہ پہلے ہی پولینڈ میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا اور اس مقصد کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کو قائداعظم محمد علی جناح جیسی قیادت میسر تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم اپنی دینی روایات اور اقدار کے ساتھ اپنے پیارے وطن پاکستان میں زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کشمیرکا ذکر کرتے ہوئے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
سفیرپاکستان نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفارتخانہ پاکستان پولینڈ میں مقیم پاکستانیوں کا اپنا گھر ہے اور وہ اپنے جائز کاموں اور مسائل کے حوالے سے کسی بھی وقت سفارتخانہ سے رجوع کرسکتے ہیں۔
دریں اثناء انہوں نے پولینڈ میں پاکستانیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ایک بار پھر انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے سفارتخانے سے متعلق حل طلب مسائل کو بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پولینڈ میں مقیم کمیونٹی کے ایک رہنماء سید طاہر علی شاہ نے بتایاکہ تقریب انتہائی پر وقار تھی جس کے آخر میں سفیر پاکستان ملک فاروق نے کمیونٹی کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔
تقریب کے دوران پاکستان کے نئے کمرشل اتاشی محمد زاہد بھٹی نے جنگ کو بتایا کہ وہ پاکستان اور پولینڈ کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
اختتام پر پاکستان کے دیسی کھانوں سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔