پیپلز پارٹی نے دارالحکومت اسلام آباد میں ’کراچی پر قبضہ نامنظور‘ کے نام سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے دوران رکن قومی اسمبلی اور پی پی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ نےکہا کہ سندھ پاکستان بنانے والا تھا اور بچانے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ نے سب سے پہلے پاکستان کی قرارداد پاس کی تھی، ہم کسی صورت سندھ یا وفاق کے خلاف سازش برداشت نہیں کریں گے۔
سینیٹر عاجز دھامرا نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ حکومت کراچی سے متعلق غیر آئینی بات کررہی ہے جبکہ ایم کیو ایم نے بھی سندھ حکومت کی تقسیم کی بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت یا کسی کو بھی سندھ کو تقسیم کرنے کا اختیار نہیں۔
پی پی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا، اب پاکستان کو توڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ہم پاکستان کو توڑنے نہیں دیں گے۔
نوابزادہ افتخار نے اپنے خظاب میں کہا کہ آج جنوبی پنجاب سے بھی پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہے، ہم سندھ کی تقسیم کی بات کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کے خلاف سازش بند نہ کی تو شدید احتجاج کریں گے۔