• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ساتواں نیا ضلع کیماڑی قائم، خیرپور بھی دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز، متحدہ، تحریک انصاف اور دیگر نے فیصلہ مسترد کردیا

کراچی میں ساتواں نیا ضلع کیماڑی قائم،متحدہ، تحریک انصاف نے فیصلہ مسترد کردیا


کراچی(اسٹاف …نیوز ڈیسک) حکومت سندھ نے کراچی میں ساتواں نیا ضلع کیماڑی قائم کردیا، خیرپور بھی دو اضلاع میں تقسیم کرنیکی تجویز دی گئی ہے،وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ وقف پراپرٹیز ایکٹ 2020میں ترمیم،نئے قوانین متعارف کرانے،پی آر سی ایپلیٹ کمیٹی کی منظوری اور کراچی کے دیگر اضلاع کے نام تبدیل کرنیکی تجویز دی گئی۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جعلی مینڈیٹ دکھانے کے لئے کراچی کو تقسیم کررہی ہے۔ سندھ حکومت کے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ 

تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام باہر نکلیں اور پرزور احتجاج کریں۔

پیپلز پارٹی کا فیصلہ ان کی نیتوں کی کھوٹ کو ظاہر کر رہا ہے،یہ فیصلہ کراچی کے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جانا چاہئے تھا۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے سندھ حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بچانے کیلئے مہاجر عوام کھڑے ہوجائیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے ضلع غربی کو تقسیم کرتے ہوئے کراچی میں ایک نیا ضلع کیماڑی بنانے کی منظوری دے دی، وزیر اعلی ہائوس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریونیو کو اضلاع کے نام تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے زیادہ آبادی والے علاقوں میں مزید اضلاع کی تشکیل کیلئے تفصیلی تجاویز پیش کرے۔ 

کابینہ اجلاس میں گندم درآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، کا بینہ نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت وفاقی حکومت کی سفارش پر ’’سندھ وقف پراپرٹیز ایکٹ 2020‘‘ میں ترمیم اور نئے قوانین متعارف کرانے اور پی آر سی ایپلیٹ کمیٹی کی بھی منظوری دے د ی،کمیٹی کے چیئرمین سیکرٹری داخلہ، ہونگے،کمیٹی میں جعلی پی آر سی پر اپیل ہو سکے گی،اجلاس میں صوبائی وزراء ، مشیران ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ 

کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت ضلع غربی میں 7سب ڈویژنز (منگھو پیر ، سائٹ ، بلدیہ ، اورنگی ، مومن آباد، ہاربر اور ماڑی پور ) ہیں اور 7حلقے ، 9 تپے اور 23 دیھ ہیں، جن کی مجموعی آبادی 3914757 ہے۔ 

دیکھا گیا ہے کہ ضلع غربی آبادی کے لحاظ سے صوبے کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ کابینہ نے مکمل بحث و مباحثے کے بعد ضلع کیماڑی بنانے کی منظوری دی جوکہ چار سب ڈویژن پر مشتمل ہوگا یعنی سائٹ ، بلدیہ ، ہاربر اور ماڑی پور جس کی مجموعی آبادی 1833864 ہے۔ ضلع کیماڑی میں 3حلقے ہوں گے ، 5تپے اور 11 دیھ۔ 

یہ فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ خیرپور سب سے بڑا ضلع ہے اسے 2 اضلاع میں تقسیم کیا جانا چاہئے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے اضلاع کے خاص نام ہیں جیسے جنوبی، شرقی ، غربی ، وسطی وغیرہ۔ مگر انکے مناسب نام ہونے چاہئے جیسے سینٹرل کا نام ضلع ناظم آباد اورضلع جنوبی کا کراچی ۔ 

انہوں نے بورڈ آف ریونیو کو ان اضلاع کا نام تبدیل کرنے کیلئے نام تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کے کچھ ممبرز کی سفارش پر بورڈ آف ریونیو کو صوبے میں مزید اضلاع کے قیام کیلئے ایک جامع تجویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن اضلاع میں زیادہ آبادی اور وسیع رقبہ ہے ان کو مقامی لوگوں کی سہولت کیلئے 2 اضلاع میں تقسیم کیا جانا چاہئے۔ 

انھوں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ وہ خیرپور کے حوالے سے مزید طریقے یا ذرائع تلاش کریں کہ کس طرح خیرپور سے مزید ایک نیا ضلع بنایا جاسکتا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مقامی کونسلوں کی میعاد29 اگست2020 کو ختم ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ واحد حکومت ہے جس نے بلدیاتی اداروں کو اپنا میعاد مکمل کرنے کی اجازت دی۔

 ہم نے میئر کو جیل سے کام کرنے کی اجازت دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مزید تقویت دینے کیلئے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ (ایس ایل جی اے)-2013 میں ترمیم کی جائے گی۔

 لہذا ، کابینہ کی منظوری سے انہوں نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ ، مشیر ورکس نثار کھوڑو ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ تمام جماعتوں / اسٹیک ہولڈرز سے ترامیم / سفارشات مرتب کرنے کیلئے مشاورت کریں ۔ کابینہ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ 29 اگست 2020 کو تمام مقامی کونسلوں کی چار سال کی مدت پوری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔ 

کابینہ نے لوکل کونسلز کی کارکردگی کو رواں رکھنے کیلئے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بعد ازاں منظوری لینے کا اختیار دیا۔

کابینہ نے ٹی سی پی کے ذریعے 1.5 ایم ایم ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لئے سیکرٹری خزانہ اور سکریٹری فوڈ ایک طریقہ کار تیار کریں گے۔ 

تازہ ترین