خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہےت کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تمام ایم پی ایز کا مکمل اعتماد حاصل ہے، بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو نامزد کیا تھا۔
جیو کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللّٰہ جان نے کہا کہ 27 میں سے کوئی 2 کے نام بتا دیں، جو نام لیں گے وہ خود تردید کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کی لائن سے یہاں وہاں ہوگا اپنی سیاست ختم کردے گا، محمود خان اور پرویز خٹک اس کی مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو تمام ایم پی ایز کی حمایت حاصل ہے، ہماری پارلیمانی میٹنگ شروع ہوگئی ہے، تمام تر قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔
شفیع جان نے کہا کہ اگر فاروڈ بلاک بنے گا تو لوگ سامنے آئیں گے، کوئی 20 تو کوئی 50 ایم پی ایز کی بات کر رہا ہے، کسی کے پاس ایک نام نہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا اگر کوئی ایک بھی ایسی حرکت کرے گا تو کے پی کی زمین اس پر تنگ کر دی جائے گی، جس نے بھی ووٹ لیا ہے بانی پی ٹی آئی کا ووٹ لیکر آیا ہے، ایک بھی ذاتی ووٹ نہیں۔
شفیع جان نے کہا کسی کو اپنے اوپر اعتماد ہے تو آزاد الیکشن لڑے، 200 ووٹ نہیں ملیں گے، بات واضح ہے کہ کوئی فاروڈ بلاک نہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں سب ایک ساتھ ہیں۔