وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جو ملک میں سیاہ سفید کے مالک تھے وہ کسی ترقیاتی منصوبے کی اینٹ نہیں دکھا سکتے۔
نارو وال میں جلسے سےخطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب حمایتیوں سے پوچھو کہ اپنے لیڈر کا کوئی منصوبہ بتا دیں تو کہتے ہیں ہمیں شعور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پوچھتا ہوں شعور کس بات کا دیا ہے؟ صرف گالی گلوچ کا؟ اپنے مخالفوں کو چور اور ڈاکو کہنے اور ریاست کے اداروں کی کردار کشی کا شعور دیا ہے؟
احسن اقبال نے کہا کہ افوج پاکستان کے خلاف عالمی میڈیا میں مہم چلانے کا شعور دیا ہے؟ اگر یہ اس کو شعور کہتے ہیں تو میں ایسے شعور پر 100 دفعہ لعنت بھیجتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے صرف 4 سال نوجوانوں میں نفرت کا زہر بھرا۔ ہم نے آتے ہی ترقی کے سفر کو شروع کیا جہاں سے 2018 میں ٹوٹا تھا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے نوجوانوں کو کٹے کٹیاں، انڈے مرغیاں دیں، ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور آئی ٹی کی جدید تعلیم دی۔