• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ صورتحال میں نواز کو واپس لانا بہت مشکل، برطانوی ماہر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہر برطانوی قوانین بیرسٹر راشد اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں نواز شریف کو برطانیہ سے واپس لانا حکومت کیلئے بہت مشکل ہوگا پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تحویل ملزمان کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس مریم نواز کو گھر میں رکھنے یا گرفتار رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، پی ٹی آ ئی ایسا کوئی کام نہیں کرسکی جس سے ن لیگ کا ووٹ بینک ٹوٹے، سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اخترنے کہا کہ جب تک ہم ایوریج بندے سے جان نہیں چھڑائیں گے ایوریج نتائج آتے رہیں گے۔

اس ملک میں میڈیا سے کرکٹ تک ایوریج بندہ چھاگیا ہے،وقار یونس جیسی باؤلنگ خود کرتے تھے ایسی باؤلنگ نوجوان کھلاڑیوں سے کروائیں۔وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان ذوہیب حسن سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں مایہ ناز سابق سوئنگ باؤلر عاقب جاوید سے بھی گفتگو کی گئی۔عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا بیڑہ غرق مصباح الحق کے حادثاتی طور پر کپتان بننے سے ہوا، پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم سلیکشن غلط کی گئی، وہاب ریاض اور سہیل خان پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہوتے تو ہر صورت بال ریورس ہوتی۔

سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ نواز شریف ڈیل کے تحت باہر گئے تو واپس کیسے آسکتے ہیں، اگر ڈیل نہیں ہوئی تو حکومت انہیں واپس کیوں بلارہی ہے،مریم نواز جب باہر نکلتی ہیں لوگ جمع کر کے ہنگامہ کھڑا کردیتی ہیں ،پی ٹی آئی کے پاس مریم نواز کو گھر میں رکھنے یا گرفتار رکھنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

ماہر برطانوی قوانین بیرسٹر راشد اسلم نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تحویل ملزمان کا کوئی معاہدہ نہیں ہے، پاکستان کامن ویلتھ تحویل ملزمان کے معاہدہ پر دستخط کرنے والے ملک کی حیثیت سے برطانیہ سے نواز شریف کی حوالگی کی درخواست کرسکتا ہے۔

موجودہ صورتحال میں نواز شریف کو برطانیہ سے واپس لانا حکومت کیلئے بہت مشکل ہوگا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اخترنے کہا کہ اظہر علی کا انگلینڈ میں فٹ ورک اچھا نظر نہیں آیا ہے، ایسے کھلاڑی جو اٹھارہ سال کھیل کر بھی اسٹار نہیں بنے تو ان کا سنجیدہ مسئلہ ہے۔

 وسیم اکرم، انضمام الحق اور عاقب جاوید جیسے مائنڈ سیٹ ٹیم میں واپس لانا ہوں گے، ہم جدید کرکٹ کے برخلاف پرانے زمانے کے اسٹرائیک ریٹ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وقار یونس جیسی باؤلنگ خود کرتے تھے ایسی باؤلنگ نوجوان کھلاڑیوں سے کروادیں، کون کہتا ہے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف لائن سے باؤلنگ کی جائے لینتھ پر باؤلنگ بھی چار جگہ کی جاتی ہے۔

تازہ ترین