• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کو واپس لانا ضروری ہوگیا تو بھیجا ہی کیوں تھا،حسن نثار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے نواز شریف کو واپس لانا ضروری ہوگیا ہے تو انہیں باہر بھیجا ہی کیوں تھادنیا کی قیادت اچھی معیشت سے نہیں ہوتی ہمیں اخلاقیات درست کرنا ہوگی،ہمارا مسئلہ نصاب تعلیم کا یکساں یا غیریکساں ہونا نہیں نصاب تعلیم غیرمعیاری ہونا ہے۔

ہم اپنے بچوں کو ان علوم میں تیار نہیں کررہے جہاں ہمارا دنیا کے ساتھ گزارا ہے، معیاری نصاب تعلیم کے ساتھ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت اساتذہ بھی ضروری ہیں، اپوزیشن کو این آر او مل جائے تو میٹھی آواز میں ملکہ ترنم کے گیت گایا کرے گی، حکومت کیلئے نواز شریف کو واپس لانا ضروری ہوگیا ہے تو انہیں باہر بھیجا ہی کیوں تھا۔

وہ جیو کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ شراب کیس میں عتیقہ اوڈھو کے بری ہونے پر حسن نثار نے کہا کہ اس ملک کے جو مسائل ہیں اور اخلاقیات کا انحطاط اپنے عروج پر ہے وہاں ہمارا مسئلہ دو بوتل شراب ہے جس کا فیصلہ ہونے میں 9سال لگ جاتے ہیں۔

ہمارے ملک میں ہر شے اور ہر شعبہ زوال کی زد میں ہے، انتہا یہ ہے کہ اس دفعہ عید پر بکروں کو نقلی دانت لگا کر فروخت کیا گیا، ہم تو حلال کو بھی حرام کر کے آگے چلادیتے ہیں۔حسن نثار نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ نہیں کہ نصاب تعلیم یکساں ہے یا غیریکساں ہے بلکہ یہ ہے کہ ہمارا نصاب تعلیم کیا ہے۔

کیا ہم اپنے بچوں کوا ن علوم اور میدانوں میں تیار کررہے ہیں جہاں ہمارا دنیا کے ساتھ گزارا ہے یا مطالعہ پاکستان پر ہی گزارا ہے، معیاری نصاب تعلیم کے ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت معلم اور اساتذہ بھی ضروری ہیں، حکومت سوچ سمجھ کر نصاب بنائے ورنہ ہم مزید کئی صدیاں پیچھے ہوجائیں گے۔

تازہ ترین