• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش، نکاسی آب نہ ہونے اور گندگی سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں شدید بارشوں کے بعد تاحال نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے اقدامات نہ ہونے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر سے مختلف وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے ۔

شہریوں کی بڑی تعداد پینے کے صاف پانی سے محروم ، کئی علاقوں میں حکومتی اداروں کے بجائے امدادی اداروں کے کارکن ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں، شہر کے مختلف علاقوں کے اسپتالوں میں بھی تاحال برساتی پانی جمع ہے جس پر گندگی سے بڑی تعداد میں مچھروں اور مکھیوں نے جنم لیا ہے۔ 

اب مچھروں کی بہتات سے اسپتالوں میں داخل مریض بھی محفوظ نہیں رہ سکیں گے اور انہیں ڈینگی یا ملیریا لاحق ہونے کا خدشہ ہے ۔ بارش کے بعد اکثر صاف پانی کی لائنوں میں گنداپانی شامل ہو گیا ہے جس سے ٹائیفائیڈ ، ڈائریا اور پیٹ کے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ، بارش کے بعد گندگی سے بڑے پیمانے پر جلدی امراض بھی پھیل رہے ہیں ۔ 

ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی کا موسم مون سون کے بعد اگست سے شروع ہوتا ہے ۔

 اکتوبر اورنومبرمیں یہ شدت اختیار کرکے اس قدر تیزی سے پھیلتا کہ اسے قابوکرنا مشکل ہو جاتا ہے اور یہ وبائی صورت اختیار کرجاتاہے اسکے تدار ک کے لئےحکومت کو چاہیے کہ اپریل ، مئی اور جون میں بارش سے قبل ہی لاروا کو ختم کردے تاکہ ڈینگی وائرس پھیل نہ سکے۔ 

عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ گھروں کے اندر پانی کو ڈھانپ کر رکھیں ، صحن ، نالی ، پودوں اورکیاریوں میں پانی کھڑا نہرہنے دیں ، اے سی کا پانی تبدیل کریں، فریج کی ٹرے کے پانی کو بھی روزانہ تبدیل کریں ، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں،گھروں میں جالیوں اور مچھر دانیوں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ پورے آستینوں والے کپڑوں کا استعمال کریں ۔ 

ماہرین متعدی امراض کے مطابق بارش کے بعد پانی جمع ہونے پر گندگی ہوتی ہے جہاں مچھر انڈے دیتے ہیں اور 5 سے 7 دن میں بڑی تعدادمیں مچھر جنم لیتے ہیں جبکہ مکھیاں بھی بنتی ہیں جن سے ٹائیفائیڈ، ڈائریا اور پیٹ کے امراض پھیلتے ہیں اس لئے حکومت کو چاہیےکہ گندگی ، مچھر اور مکھیوں کے خاتمے کےلئے اقدامات کریں اور عوام کو چاہیے کہ پانی ابال کر پیئیں اور گھر کا بنا ہوا کھاناکھائیں ۔ 

ماہرین امراض جلد کے مطابق بارشوں کے بعد جلدی امراض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے اور زیادہ تر وہی مریض آتے ہیں جنہیں فنگس اور بیکٹیریل انفیکشن ہوتا ہے ۔

تازہ ترین