پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں عشرہ اوّل محرم کے دوران ایام شہادت امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے مجالس عزاء منعقد ہوئیں۔
مجالس کا انعقاد جعفریہ فورم وارسا کے زیراہتمام کیا گیا اور اس دوران ہر روز ممتاز عالم دین حجتہ الاسلام و المسلمین سید علی خلخالی نے برطانیہ سے آن لائن وارسا میں عزاء کے ان اجتماعات سے خطاب کیا۔
انھوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں شہادت کے فلسفہ کی تشریح کی اور میدان کربلا میں شہادت امام حسینؓ، شہادت غازی عباسؓ علمدار اور دیگر شہادتوں کے واقعات بیان کیے، خاص طور شب عاشور اور روز عاشور کی مجالس کے دوران علماء و ذاکرین نے امام حسین علیہ السلام کے دردناک مصائب بیان کرکے حاضرین کی آنکھوں کو اشکبار کر دیا۔
پاکستانی منقبت خواں سید مہدی رضوی نے تقریباً ہر مجلس کے اختتام پر سلام پیش کیا۔ دیگر نوحہ خوانوں میں سید عبدالرحیم موسوی، باسط علی، سید اسد عباس اور سید رضا عباس برادران شامل تھے۔
مجالس میں پاکستانیوں کے علاوہ عراقی، ایرانی اور آذربائیجان کے لوگ بھی شریک ہوئے اور تمام شرکاء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کیے ہوئے تھے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے عراقی سماجی و کاروباری شخصیت اور مجالس کے منتظم ابو اسد نجفی نے کہا کہ ہم امام حسینؓ کا غم منانے جمع ہوئے ہیں اور ان مجالس میں مختلف اقوام کے لوگ شریک ہوئے ہیں۔
مجالس کے اختتام پر عزاداران و عاشقان امام حسینؓ نے ماتم و سینہ کوبی کر کے امام حسینؓ اور ان کے خاندان کی شہادتوں پر اپنے غم کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی۔