• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل وقت کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت تھا، اس کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں غیر معمولی مون سون کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے مزید بارشوں کے خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

معاون خصوصی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو ٹریلر ہے، کراچی میں مزید بارشیں ہوں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے پر کابینہ اراکین نے وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت تھا، اس کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور صاف پانی کی فراہمی ترجیح ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو مزید ریلیف کی ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر کابینہ کو بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بڑا پیکیج لے کر جمعہ کو کراچی پہنچیں گے۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج میں ٹرانسپورٹ اور بجلی کی بحالی کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے راولپنڈی کے نالہ لئی میں سیلاب سے بچاؤ کے بروقت انتظامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعظم  نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے خود نالہ لئی کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نالہ لئی ہر سال 100 کے قریب لوگوں کی جان لے لیتا تھا۔ جب کام ہوتا ہے تو دکھائی بھی دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے دیا نہ چینی کی قیمتیں بڑھنے دیں گے۔

اشیائے خور و نوش سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گندم کی بڑی کھیپ پہنچ گئی، ملک بھر میں تقسیم ہو گی، چینی بھی درآمد کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی سے بچنے کے لیے گندم اور چینی پاکستان ریلویز کے ذریعے سپلائی کی جائے گی۔

ادھر ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کابینہ میں ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کی اصولی منظوری دے دی، جبکہ اس کی باضابطہ منظوری کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 14 میں سے 13 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی۔

پاکستان پیٹرولیم لیمیٹڈ کے بورڈ کے انتخاب کے لیے ڈائریکٹرز کی نامزدگیاں موخر کردی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے ادویات کی تیاری کے لیے بھنگ اور دیگر منشیات کے مشروط استعمال کی اجازت بھی دے دی۔

منشیات کا استعمال صرف سرطان کش ادویات کی تیاری میں کیا جا سکے گا جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھنگ کی کاشت کی بھی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔

تازہ ترین