• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سُشانت نے کبھی ڈپریشن میں مبتلا ہونے پر گفتگو نہیں کی، والد

بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سُشانت سنگھ کے والد کے کے سنگھ نے کہا ہے کہ سُشانت نے ان سے کبھی بھی اپنے ڈپریشن (ذہنی دباؤ) میں مبتلا ہونے کے معاملے پر گفتگو نہیں کی۔ سُشانت کے والد نے یہ بات ممبئی پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتائی۔

بھارتی اخبار کے مطابق سُشانت سنگھ کے والد کا کہنا ہے کہ میں نے نہ تو کسی سے کچھ پوچھا اور نا کسی سے اس بارے میں اپنے بیٹے کی موت کے بعد کوئی بات کی کیونکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ اپنے بیٹے کے حوالے سے ان سے کوتاہی ہوئی۔

سُشانت سنگھ کے والد نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ سُشانت 13مئی 2019 کو پٹنہ میں گھر اس وقت آیا تھا جب گھر میں ایک تقریب تھی۔ اور وہ مجھ سے ملا تھا۔ مذکورہ تقریب کو 15 مئی کو منعقد ہونا تھا، اور اس دوران وہ کسی بھی قسم کے تناؤ یا ذہنی خلفشار میں مبتلا نظر نہیں آیا، اگلے روز یعنی 16 مئی کو واپس ممبئی چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشانت کو واٹس پر پیغامات بھیجا کرتے تھے اور سُشانت اس کا جواب دیا کرتا تھا، میں اسے فون نہیں کرتا تھا کیونکہ وہ اپنے کاموں میں کافی مصروف ہوتا تھا۔

البتہ سُشانت فون کیا کرتا تھا اور ہماری گپ شپ ہوتی تھی۔ وہ پوچھا کرتا تھا کہ کسی چیز کی ضرورت تو نہیں ہے، اس دوران جب بھی اس سے پوچھا کہ وہ کیسا ہے تو اسکا جواب ہوتا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔

کے کے سنگھ نے مزید بتایا کہ 7جون 2020 کو سُشانت نے مجھے فون کیا تو میں نے اس سے کہا کہ اسے پٹنہ آئے ایک برس ہوگیا ہے، اور میں نے اسے کہا کہ اگر دل کرتا ہے تو آجاؤ، جس پر اس نے کہا کہ دیکھتا ہوں، میں بہتر محسوس نہیں کررہا، میں کسی بھی وقت آجاؤنگا۔ اور 14جون 2020 کو دوپہر سوا دو اور ڈھائی کے درمیان میں پٹنہ میں اپنے گھر میں بیٹھا تھا تو مجھے ٹیلی وژن کی خبروں کے ذریعے پتہ چلا کہ سُشانت نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

جس کے بعد میں اپنے ہوش حواس کھو بیٹھا، بعدازاں میں بذریعہ ہوائی جہاز اپنے بھتیجے نیرج سنگھ اور رشتہ داروں کے ساتھ اگلے روز ممبئی پہنچا، اور ہم نے اسی روز شام کو ممبئی میں اسکی آخری رسومات ادا کیں۔

انھوں نے کہا کہ اس کے بعد میں سُشانت کے فلیٹ پر پہنچا جو کہ اس نے باندرہ میں کرائے پر لیا تھا۔ مجھے سُشانت کے حوالے سے کوئی خدشات اور اس سے کوئی شکایت بھی نہ تھی، میرے خیال میں سُشانت نے مایوسی کے عالم میں خودکشی کی۔

تازہ ترین