اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) سینٹ قائمہ کمیٹی اطلاعات نے ریڈیو نشریات بہتر بنانے کیلئے سفارشات پر عملدرآمد تیز کرنے پر زور دیا، چیئرمین کمیٹی فیصل جاوید نے کہاکہ بچوں سے زیادتی کی روک تھام کیلئے مقامی زبانوں میں پیغامات چلائے جائیں شعور آگاہی کے حوالے سے سرکاری ریڈیو ایک فہرست بنا کر میکنزم تیار کر ے،صابر شاہ نے کہا کہ قومی ایشوز کی ترجیحات بنا کر لوگوں کو شعور دیں، سجاد حسین طوری نے کہاکہ ملک میں جرائم اور بچوں سے زیادتی کی سزائیں لوگوں کو بتائی جائیں تاکہ لوگ ڈر اور خوف کی وجہ سے ان جرائم سے دور رہ سکیں اور اسلامی تعلیمات بھی عام کی جائیں، روبینہ خالد نے کہا کہ ریڈیو کے ذریعے موسمی آفاتبارشیں، سیلاب اور طوفان وغیرہ کی آگاہی کیلئے ایک سسٹم بنایا جائے اور این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کے ساتھ لائحہ عمل اختیار کر کے ابتدائی وارننگ جاری کی جائیں۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ سرکاری ریڈیو کے 2019-20 کے واجبات بھی899 ملین روپے ہیں،بجٹ کا 83 فیصد تنخواہوں، پنشن میں چلا جاتا ہے۔ پروڈکشن پر6 فیصد آپریشن پر8 اور انتظامی امور پر 3 فیصد خرچ کیا جاتا ہے، کل منظور شدہ اسامیاں3264 ہیں 2357 اسامیوں پر افراد کام کر رہے ہیں،907 خالی ہیں ، 4041 پنشنرز بھی ہیں۔ بجٹ کم ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پوری پنشن ادا نہیں کی جارہی۔