• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کشمیریوں کیلئے امدادی کیمپ قائم کرے،کونسلر عمران حمید

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ ) کونسلر عمران حمید ملک نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق کے چارٹر کے تحت مقبو ضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کی مدد کے لیے خوراک و ادویات کے لئے امدادی کیمپ قائم کر یں ۔ یہ کیمپ اقوام متحدہ کے تعینات کردہ ملٹری آبزرور کی زیرنگرانی مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر میں قائم کیے جائیں تاکہ ریاست کے دونوں اطراف بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ین عوام بھی فائدہ اٹھا سکیں ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے کہا بھارت نے کورونا وائرس کی آڑ میں مظلوم کشمیریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی،قتل و غارت ، تشدد کے باعث عوام کو خوراک و ادویات، علاج کی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے ۔ کشمیری عوام کی زمینوں پر لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو آباد کیا جا چکا ہے ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی قومی شناخت ختم کر نے پر تلا ہوا ہے ۔پاکستان کی موجودہ حکومت نے جس جرآت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا بھارت مسئلہ کشمیر کو طول دے رہا ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت کے دہشت گرد اور فاشسٹ وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر نے کےلئے شملہ معاہدہ کو ختم کر دیا ہے ۔ اب پاکستان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بھارت کے اس جارحانہ رویے طرز عمل کو اقوام متحدہ میں اٹھائے ۔بھارت کے کہنے پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے سے ہٹایا نہیں جا سکتا ہے ۔ کونسلر عمران حمید ملک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے روڈ میپ کا مطالبہ کریں ۔ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو تسلیم نہ کرنے پر بھارت کی رکنیت منسوخ کرنےکی درخواست دی جائے ۔ بھارت کا نسلی تعصب ، انتہا پسندی ، دہشت گردی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ بھارت کو عالمی اداروں سے نکال باہر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا یہ اقوام متحدہ کے منشور اور انسانی حقوق کی چارٹر کی بدترین خلاف ورزی ہے کہ بھارت جیسے دہشت گرد ملک کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل صدر منتخب کر لیا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔  

تازہ ترین