وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق سے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ 4 لاکھ خاندانوں کو فی کس 1 لاکھ روپے دینے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں امریکا، کینڈا، چین، جاپان، فرانس سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے ملاقات میں سید مراد علیٰ شاہ نے صوبے میں سیلابی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کا زور کم ہونے کےبعد بارشوں کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، کورونا کے بعد سندھ میں بیروزگاری اور غربت بڑھی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سیلاب اور بارشوں کے بعد ہم نے صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے، صوبے میں 137 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 64 کا تعلق کراچی سے ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 15 ہزار 233 دیہات بری طرح متاثر ہوئے، 77 ہزار 342 گھر مکمل طور پر گر گئے،11 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور بڑی تعداد میں مویشی مر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی بحالی کے لیے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں سڑکوں، گھروں کی تعمیر نو اور ندی نالوں کی مرمت کی ضرورت ہے۔
سید مراد علی شاہ نے قونصل جنرلز کو بتایا کہ اس حوالے سے وفاق سے بھی درخواست کی ہے اور انہیں 4 لاکھ متاثرہ خاندانوں کو فی کس 1 لاکھ روپے دینے کے لیے کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا سے بچاؤ کے لیے اہم اقدامات کیے، ابھی ہم وبائی مرض سے متاثرہ عوام کے لیے منصوبے بنارہے تھے کہ بارشوں نے تباہی مچادی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میر پور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ اور بدین میں خیمہ بستیاں قائم کیں ہیں۔
اس موقع پر شرکاء کو ملٹی میڈیا کے ذریعے مختلف متاثرہ علاقوں کی ویڈیوز دکھائی گئیں، قونصل جنرلز نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔