• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید کی 36ویں سالگرہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عروہ حسین نے اپنے شوہر فرحان سعید کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ فرحان سعید کی سالگرہ مناتی نظر آرہی ہیں۔


عروہ حسین کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے فرحان سعید کے لیے ’موسیقی کی تھیم‘ کا ایک خصوصی کیک تیار کروایا جس پر ایک گلوکار ہاتھ میں مائک تھامے گلوکاری کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں فرحان سعید کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب فرحان سعید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سالگرہ کی تصویر شیئر کی اور اُس کے ساتھ ہی سالگرہ کے خصوصی کیک کے لیے اپنی اہلیہ عروہ حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے فرحان سعید نے لکھا کہ ’میں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کا تہہ دل سے شُکرگزار ہوں کہ جنہوں نے میری سالگرہ کے دن میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور میرے لیے محبت بھرے پیغامات بھیجے۔‘

فرحان سعید نے لکھا کہ ’میں جب بھی اپنے مداحوں کے پیغامات پڑھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ اللّہ تعالیٰ نے مجھے جس محبت سے نوازا ہے میں تو شاید اِس کے لائق بھی نہیں تھا اور مجھے یہ سب ایک خواب سا محسوس ہوتا ہے۔‘

گلوکار نے مداحوں سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اپنے تمام چاہنے والوں سے بہت محبت کرتا ہوں کہ جو اپنے قیمتی وقت سے تھوڑا وقت مجھے بھی دیتے ہیں۔‘

آخر میں فرحان سعید نے اپنی اہلیہ عروہ حسین سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے سالگرہ کے خوبصورت کیک کے لیے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ عروہ حسین آج کل پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیر سپاٹے کر رہی ہیں جس کی تصاویر اُنہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہیں۔

تازہ ترین