• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ شنیرا اکرم کا سوشل میڈیا پر پیغام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا نے کراچی میں جاری لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر سوشل میڈیا پر اپنا پیغام جاری کردیا۔معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی اور مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی دُنیا میں سب سے آگے رہنے والی شنیرا اکرم نے اس بار کراچی میں جاری لوڈشیڈنگ کے سنگین مسئلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔شنیرا اکرم نے کراچی میں جاری اعلانی اور غیر اعلانی لوڈشیڈنگ سےتنگ آکر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی شہر جہاں سارا سال سورج اپنی گرمی کی شدت سے آگ برساتا ہے وہاں میرے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ ہمارے پاس بجلی کےاتنے سنگین مسائل کیوں ہیں جبکہ ہم سورج کی مدد سے سولر انرجی بھی پیدا کرسکتے ہیں۔‘وسیم اکرم کی اہلیہ نے وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد کے لیے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’یہ سمجھنا بھی مشکل ہے کہ کراچی میں اتنی گرمی ہونے کے باجود بھی یہاں کے لوگ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار کیوں ہیں۔‘اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ SolarEnergy ،Karachi اور HarvestTheSun بھی استعمال کیے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نامور اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی کراچی میں جاری لوڈ شیڈنگ سے تنگ آتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کیا تھا۔فیصل قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں کے الیکٹرک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ بھئی جنریٹر یا ڈیزل والوں سے کوئی کانٹریکٹ ہی کرلو تاکہ ہمیں بجلی فراہم ہوسکے۔
تازہ ترین