• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور بی آرٹی تیسرے روز بھی بند، معائنہ جاری



پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس تیسرے روز بھی بند ہے، گاڑیوں کا معائنہ جاری ہے۔

ٹرانس پشاور کے ترجمان محمد عمیر خان کا کہنا ہے کہ پشاور بی آر ٹی بسوں کا معائنہ جاری ہے، چین سے آئی ہوئی ٹیم 17 گھنٹے روزانہ بسوں کا معائنہ کررہی ہے۔

پشاور میں بی آر ٹی سروس تیسرے روز بھی بند ہے جبکہ چین سے آئی انسپکشن ٹیم بسوں کے معائنہ میں مصروف ہے۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ مجموعی طور پر 220 بسوں کا معائنہ کیا جائے گا، بسوں کا معائنہ مکمل کرنے اور مثبت رپورٹ ملنے کے بعد ہی سروس بحال کی جائے گی۔

محمد عمیر خان نے کہا کہ سروس بحال ہو جانے کے بعد بھی چینی ٹیم یہاں پر رہے گی۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ بس سروس شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر معطل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) پشاور کی بسوں میں آگ لگنے اور خرابی کے 5 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

ریسکیو عملے نے بی آر ٹی کی بس میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پایا اور مسافروں کو بحفاظت بس سے نکالا۔

بی آرٹی پشاور کی بسوں میں آگ لگنے کا  تیسرا واقعہ 16ستمبر کو رونما ہوا، اس سے قبل 11ستمبر کو گلبہار اسٹیشن کے قریب بس میں آگ لگی تھی۔

تین ہفتے قبل حیات آباد میں بھی بی آرٹی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

بی آرٹی کی 2 بسوں میں تیکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث مسافروں کو بسوں سے اتارنا پڑا تھا۔

ذرائع کے مطابق بی آر ٹی بسوں میں اب تک آگ لگنے کے 5 جبکہ بس خراب ہونے کے نصف درجن سے زیادہ واقعات ہوئے، جس کے پیش نظر بی آر ٹی بس سروس آج سے عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔

تازہ ترین