شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے)گجر پورہ موٹروے زیادتی کیس کے بعد لاہور کے قریب فیروزوالہ میں کالاشاہ کاکو موٹروے کی نزدیکی آبادی خدا کی بستی میں 5افراد نےرسیوں سے جکڑ کرشوہر کے سامنے اسکی بیوی سے اجتماعی زیادتی کر ڈالی۔ 2موبائل فون اور1500روپے بھی چھین لئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔مینار پاکستان سے مالشیا بہلا پھسلاکرساتھ لے گیا، خاوند کی رپورٹ پرمحض چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا،پولیس کے مطابق زبردستی زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی، خاوند کی رپورٹ پرتھانہ فیروزوالہ پولیس نے محض چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ رپورٹ کے مطابق گجرپورہ موٹروے کی وجہ سے ایف آئی آر سیل کر کے ایس ایچ او تھانہ فیروزوالہ نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔ ڈی پی او شیخوپورہ کا کہنا ہے کہ اغوا کار میاں بیوی کو مینارِ پاکستان سے بہلا پھسلا کر اپنے گاؤں لے گئےاور یرغمال بنالیا،خاتون کا طبی معائنہ کرایا ہے جس میں زبردستی زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔متاثرہ خاتون اور اسکے خاوند کا کہنا ہے کہ 4 سے 5افرادنے رات بھر اجتماعی زیادتی کی۔ پولیس رپورٹ میں متاثرہ خاتون رانی بی بی کے شوہر وارث علی خان ولد جیون خان جو پیر محل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی ہے کاکہنا کہ میں اور میری بیوی رانی روزگار کی تلاش میں16/17 ستمبر کی رات 2 بجے لاہور پہنچے،رات بسر کرنے کیلئے ٹھکانہ نہ ملنے پر مینار پاکستان کے قریب بیٹھ گئے جہاں پھرنے والے ایک مالشیے نےہمدردی ظاہر کی اورپہلا پھسلا کراپنے گھر فیروزوالہ رات گزارنے کیلئے رکشہ میں سوار کرلیا، کچھ دور جاتے ہی دو موٹر سائیکل سواروںنے ہمارا تعاقب شروع کر دیا ، مالشیے نے کہا یہ میرے بھائی ہیں ۔مالشیے نے دونوںمیاں بیوی کو رکشے سےاتار کر انکی موٹر سائیکل پربٹھادیا۔پانچوں افراد دونوں میاں بیوی کو کالاشاہ کاکو موٹروے کے قریب جنگل میں لے گئےاوراسلحہ تان کر دونوں پر تشدد کرنے کے بعد رسیوں سے باندھ کر کئی گھنٹے تک بیوی رانی بی بی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے، نیم مردہ حالت میں 2موبائل فون اور 1500روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانی بی بی کی میڈیکل رپورٹ میں زبردستی زیادتی کرنے کی تصدیق نہ ہوئی ہے جبکہ اس کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں پایا گیا، طبی معائنے کے مطابق خاتون کی عمر33برس ہے، ڈی این اے کےنمونے فارنزک کیلئے بھجوادئیے، آج رپورٹ ملے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کالا شاہ کاکو کے ریلوے سٹیشن کے گردونواح میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، مشتبہ نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ملزمان کی موٹر سائیکلوں کے نشانات کی مدد سے بھی ان کی تلاش کی جارہی ہے، امید ہے ملزمان جلد گرفتار ہو جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ نے رپورٹ طلب کی ہے کہ جس وقت غریب خاتون رانی بی بی کے ساتھ پانچ مسلح ملزمان اجتماعی زیادتی رہے تھے اس وقت اس علاقہ میں گشت کرنے والا پولیس عملہ کہاں تھا؟ تھانہ فیروزوالا پولیس نے رانی بی بی کے خاوند وارث علی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 376ٹو/379 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا اور مقدمہ میں ڈکیتی کی دفعات کی بجائے محض چوری کی دفعہ 379 ت پ شامل کی ہے۔