مسلم لیگ نون نےاسلام آباد میں پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) میں شرکت کے لیے وفد کے نام فائنل کر لیے ہیں، مریم نواز بھی نون لیگ کے وفد کا حصہ ہونگی۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کے مطابق اے پی سی میں شرکت کرنے والے مسلم لیگ نون کے وفد میں صدر محمد شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، احسن اقبال ، سردار ایاز صادق ،پرویز رشید ،مریم نواز ،خواجہ سعد رفیق ،رانا ثنا اللہ ،امیر مقام اور وہ خود شامل ہوں گی۔
گزشتہ روز اے پی سی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیّر بخاری نے میڈیا کو بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کو بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے دعوت نامے بھجوا دیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جاب سے وفود کے نام بھی موصول ہوگئے ہیں اور اے پی سی کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
نیّر بخاری کاکہنا تھا کہ نون لیگ کی طرف سے وفد میں پارٹی صدر شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
پی پی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے وفد میں مولانا فضل الرحمٰن، اکرم درانی اور مولانا عبدالغفور حیدری اے پی سی میں شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی اپنے وفود کے نام ارسال کردیے ہیں۔
نیّر بخاری نے کہا کہ پارٹی وفود میں تبدیلی اپوزیشن جماعتوں کی اپنی صوابدید ہے، ناموں کی تبدیلی کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا۔