• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہلدی والے دودھ سے قوت مدافعت بڑھائیں

ہلدی والے دودھ میں سوزش سے لیکر اینٹی سیپٹیک اور شفایابی کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں اور انہی سب وجوہات کی بناء پر آپ کو ہر روز ہلدی کا دودھ لازمی پینا چاہیے۔

عالمی وبا کورونا وائر س کے اس مشکل دور میں ہلدی والے دودھ کو ایک نعمت سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس دودھ میں بے شمار فوائد ہیں۔ وبائی امراض کے دوران اس نے اضافی مقبولیت حاصل کی اور کہا جاتا ہے کہ یہ قوت مدافعت بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ہلدی والے دودھ کے بے شمار فوائد ہیں یہ ناصرف آپ کی قوت مدافعت بڑھاتا ہے بلکہ یہ جسم پر موجود سوزش کو بھی ختم کرتا ہے اور ساتھ ہی زخموں کے درد سے بھی نجات دلاتا ہے۔ یہاں ماہرین ہلدی والے دودھ کے صحت سے متعلق چند فوائد بتاتے ہیں۔

ہلدی والے دودھ کے فوائد:

قوت مدافعت بڑھتا ہے:

ماہرین کہتے ہیں کہ ہلدی والے دودھ میں قوت مدافعت بڑھانے کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں، کورونا کے اس دور میں اس وائرس سے خود کو بچانے کے لیے لازمی ہلدی والے دودھ کا استعمال کریں۔

اِس کے علاوہ ہلدی والے دودھ میں اینٹی بیکٹیریل، اینٹی وائرل اور اینٹی فنگل کی خصوصیات پائی جاتی ہیں لہٰذا ماہرین ہمیشہ مشور دیتے ہیں کہ نزلہ، زکام اور کھانسی جیسی موسمی بیماریوں کے دوران ہلدی والے دودھ کا استعمال کریں۔

سوزش ختم کرتا ہے:

ہلدی کا دودھ سوزش مخالف اثرات کے لیے ہمیشہ سےمقبول رہا ہے۔ یہ با آسانی جسم پر موجود سوزش کو ختم کرتا ہے اور ساتھ ہی ہر قسم کے درد میں راحت بخشتا ہے، ہلدی والا دودھ اپنی شفا یابی کی خصوصیات کی وجہ سے بےحد مشہور ہے۔

ذہنی صحت کے لیے مفید:

ہلدی والا دودھ یادداشت کو بہتر بنانے اور ذہنی صحت کے لیے بہت معاون سمجھا جاتا ہے جبکہ ہلدی والا دودھ پینے سے اچھی نیند لینے میں بھی مدد ملتی ہے۔ 

مختلف مطالعات میں بتایا گیا ہے کہ ہلدی کا دماغی افعال پر اثر پڑتا ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ہلدی والا دودھ پینے سے نیند کی کمی کے شکار افراد کو پُر سکون نیند آتی ہے۔

بلڈ شوگر کی سطح کو منظم کرتا ہے:

مختلف مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلدی والا دودھ ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کے بلڈ شوگر کی سطح کو برقرار کرنے میں مدد کرتا ہے اور کینسر کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔

نظام ہاضمہ بہتر کرتا ہے:

ہلدی والا دودھ جسم سے تیزابیت کو ختم کرتا ہے، سینے اور معدے کی جلن سے نجات دلاتا ہے لہٰذا تیزابیت جیسے مسائل کے شکار افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ روزانہ ہلدی والے دودھ کا استعمال کریں۔

اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات:

ہلدی والے دودھ میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات ہوتی ہیں جس سے جسم کو کئی فوائد ہوتے ہیں۔

جِلد کے لیے مفید ہوتا ہے:

ہلدی والا دودھ چہرے سے ایکنی، کیل اور مہاسوں کا خاتمہ کرتا ہے اس کے علاوہ ہلدی کو براہ راست جِلد پر لگانے سے بھی اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

اضافی فوائد کے لیےآپ ہلدی والے دودھ میں درج ذیل اجزاء بھی شامل کرسکتے ہیں اور اضافی فوائد حاصل کرسکتے ہیں:


  • دارچینی
  • جائفل
  • کالی مرچ
  • ادرک
  • سفید مرچ
تازہ ترین