• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرمستحق افراد کو سبسڈیز ملنے پر وزیر اعظم کا اظہارِ ناراضی


وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا نہ صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے بلکہ حقداروں کی حق تلفی کا باعث بھی بنتا ہے لہٰذا اس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات نہایت واضح ہیں، سرکاری خزانے سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت اور سماجی و معاشی ترقی کا فروغ ہے۔


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کے نظام کو شفاف اور منظم بنانے اور اس معاونت کو حقدار تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں بالواسطہ اور بلا واسطہ  فراہم کی جانے والی سبسڈیز کی مقدار اور اس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے تاکہ مرحلہ وار ان پر عمل درآمد کیا جاسکے۔

تازہ ترین