کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئٹنی ٹورنامنٹ کا 17واں ایڈیشن 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہورہا ہے۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیالکوٹ اسٹالینز سب سے زیادہ 6 مرتبہ جبکہ لاہور کی ٹیموں (لاہور لائنز 3مرتبہ، لاہور بلیوز اور لاہور وائٹس 1،1 مرتبہ) نے پانچ مرتبہ ایونٹ اپنے نام کیا۔ بقیہ پانچ ایونٹس میں پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلیوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر اکمل نے 43 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے ایک اوور میں 34 رنز بھی بٹورے تھے۔ احمد شہزاد اور خرم منظور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں 3،3 مرتبہ سنچریاں بنا چکے ہیں۔ خرم منظور30.20 کی اوسط سے 2235 رنز کے ساتھ ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ 2017 میں لاہور وائٹس کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اسلام آباد ریجن کے خلاف 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اس اننگز میں 12 چھکے مارے یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انہوں نے سال 2006 میں سیالکوٹ اسٹالینز کے خلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ اسٹالینز کے محمد آصف نے اسی سال فیصل آباد وولفز کے خلاف 11 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔