• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 532 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 8 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 757 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 418 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 432 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 7 ہزار 70 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 558 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 93 ہزار 916 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 34 ہزار 437 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 469 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 98 ہزار 602 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 227 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 418 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 258 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 246 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 180 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


کورونا وائرس کے بلوچستان میں 14 ہزار 607 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 542 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 83 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 566 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 70 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 744 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 32 لاکھ 64 ہزار 216 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین