کراچی (اسد ابن حسن) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کیبنٹ سیکرٹریٹ نے کووڈ19-کی ممکنہ لہر کے تناظر میں سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے نئے سخت اقدامات تجویز کیے ہیں۔ مراسلے کے مطابق تمام دفاتر میں صبح شام سینی ٹائزیشن کروانا لازمی ہوگا۔ دفاتر کی لفٹ میں کوئی بھی ملازم بغیر ماسک کے اندر داخل نہیں ہوگا۔ تمام ملازمین کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ ای فائلنگ کو ترجیح دی جائے گی اور اگر ہارڈ فائل بھیجنا ناگزیر ہو تو فائل کو سینٹی ٹائز کرکے بھیجا جائے۔ انٹر آفس میٹنگز ویڈیو لنک، اسکائپ پر ہی کرنا بہتر ہوگا اور اگر ذاتی میٹنگ ناگزیر ہو تو شرکاء کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ لازمی ہونا چاہیے۔ سینیٹری اسٹاف اس بات کو یقینی بنائے کہ دفاتر کے کمرے میں موجود ٹیبل کرسی کو بھی سینی ٹائز کیا گیا ہو۔ ہاتھ ملانے اور معانقہ کرنے سے ہر صورت اجتناب برتا جائے۔ ہیڈ آف ونگز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل کروائیں۔