• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے فون ڈیٹا لیک کرنے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ فون ڈیٹا لیک کرنے کی بات موجودہ دور کی نہیں، پرویز مشرف کے دور کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ سے سیاست دانوں کی ہونے والی ملاقاتوں کی گفتگو کو اب ختم کرنا چاہتا ہوں۔


وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اب اگر کسی نے کچھ کہا تو میں اس کا بھرپور جواب دوں گا اور اب کی بار جمہوریت کو نقصان پہنچا تو تمام سابقہ نقصانات کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

انہوں نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ فوج سے ملے ہیں تو اس میں کس بات کی شرم ہے؟

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاکستان میں گفتگو کی سیاست صرف ٹی وی پر ہے، مجھ سے بڑی سیاست ٹی وی پر اور کوئی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ منتخب سول حکومت کے ساتھ ہے، کرپشن کے سوا ہر ایشو پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوکر شہید ہونے کو تیار ہوں، میں بھی آج سے ٹوئٹ کرنا شروع ہوجاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن جانے کے معاملے پر میرا موقف تھا کہ ’جاتا ہے تو جائے‘۔

وفاقی وزیر ریلوے نے آج لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلی فون ڈیٹا آؤٹ کیا تو قیامت آجائےگی۔

اس سے قبل وہ مختلف بیانات میں مولانا فضل الرحمٰن، شہباز شریف سمیت کئی جماعتوں کی قیادت کی آرمی چیف سے ملاقاتوں کا تذکرہ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین