• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے فخر ہے کہ پاک فوج کا ترجمان ہوں، شیخ رشید


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ پاک فوج کا ترجمان ہوں، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملنا اعزاز کی بات ہے ۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوں، ابھی تو ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلی فون ڈیٹا آؤٹ کیا تو قیامت آجائےگی۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات میں باہر انتظار کرتا رہتا ہوں کیونکہ آپ لوگوں کی ملاقاتیں طویل ہوجاتی ہیں، یہ تم ہی ہو جو داتا دربار نہیں جاتے، گولڈن ٹیمپل چلے جاتے ہو۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اقتدار سے مریم نواز نے نکلوایا، اس نے پہلے بھی ن لیگی قائد کو مروایا اور اب بھی مروائے گی، جن فلیٹوں سے یہ خطاب کررہے ہیں، یہ لوگوں کا پیسا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے برے دن ہیں، ان دونوں کے بیچ سے عمران خان نے وکٹ نکالی ہے، اپوزیشن جماعتیں استعفیٰ دیں گی، نہ ہی دھرنا اور نہ ہی عدم اعتماد کی تحریک لائیں گی۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ میرا دل شہباز شریف کے ساتھ ملا ہوا ہے، جو میری پارٹی کا آدمی ہے، ملک میں مہنگائی ہے، کیسے انکار کردوں کہ مہنگائی نہیں ہے؟، سپریم کورٹ کے کہنے کے باوجود ریلوے ملازمین کو نہیں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک سے کرپشن ختم کرکے دم لے گا، جو کرپشن کا گند کچرا ختم کرنے کے لیے درخت لگارہا ہے، چور ڈاکو جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ سب جیل میں ہوں گے، کپتان کی قیادت میں اس مافیا کو شکست ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج ڈیموں کی تعمیر، کورونا سے جنگ اور سیلاب میں ساتھ کھڑی ہوتی ہے، میں چاہوں تو جنرل پرویز مشرف کا سارا کھاتا بھی آؤٹ کرسکتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے چین کے ساتھ مل کر ریلوے کو ٹھیک کرنا ہے، اعتراف ہے وہ کچھ نہیں کرسکا جو ریلوے کے مزدوروں کے لیے کرنا چاہتا تھا۔

تازہ ترین