• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثے میں محفوظ رہنے والے ظفر مسعود پھر پی آئی اے کے مسافر


22 مئی کو حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہنے والے مسافر پنجاب بینک کے صدر ظفر مسعود نے کئی ماہ بعد پی آئی اے کی پرواز سے اپنا پہلا فضائی سفر کیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ صدرپنجاب بینک ظفر مسعود نے حادثے کے بعد پہلا فضائی سفر کیا ہےاور وہ  پی آئی ائی کی پرواز پی کے 304 سے لاہور روانہ ہوئے ہیں۔

صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے سفر کے لیے دوبارہ قومی ائیرلائن کا انتخاب کیا، جبکہ دوران پرواز ظفر مسعود نے پرانی نشست نمبر کا انتخاب کیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ظفر مسعود کو قومی ایئر لائن کے چیف فنانشل آفیسر خلیل اللّٰہ شیخ اور شعبہ انجیئنرنگ کے سربراہ عامر علی نے الوداع کہا، جبکہ لاہور آمد پر سی ای او ارشد ملک اسلام آباد سےظفر مسعود کا استقبال کرنے کے لیے پہنچے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے نے ظفر مسعود کو گلدستہ پیش کیا اور خود لےکر باہر نکلے۔

صدر پنجاب بینک ظفر مسعود نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے قومی ادارے کو بحال کرنا ہے، جبکہ فضائی سفر کے لیے قومی ائیرلائن کا انتخاب کرتے ہوئے خوشگوار احساس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے مکمل اعتماد ہے کہ قومی ائیرلائن حادثہ اور دیگر مشکلات پیچھےچھوڑ کر کھویا ہوا وقار حاصل کرلے گی، جبکہ میں پی آئی اے کے اصلاحاتی عمل میں شامل ہوں۔

ظفر مسعود نے کہا کہ انشاء اللّٰہ ہم جلد پی آئی اے کو خود انحصاری اور ترقی کے راستے پر ڈال دیں گے۔

سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے اپنے عظیم دوست کی احسان مند ہے کہ انھوں نے ہمیں اعتماد کے قابل سمجھا اور ایسے مخلص مہمان کی امیدوں پر  پورا اترنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔

واضح رہے کہ عید الفطر سے ایک روز قبل 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

تازہ ترین