اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے شہباز شریف کی گرفتاری پر ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
لاہور میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ ملک کے کونے کونے میں پارٹی صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ون پارٹی سیاست کی سازش ہورہی ہے، نیب گردی کے ذریعے آج شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کی ریکوزیشن کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ کی کامیابی کے روشن امکانات ہیں، ہماری حکومت نے وہاں ترقیاتی کام کروائے ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ کا ووٹر اپنے ووٹ اور مینڈیٹ کی حفاظت کرے گا۔