• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی وفاقی مجلس عاملہ کا گزشتہ روز کوئٹہ میں اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ موجودہ حکومت کے رویے کا میڈیا دشمنی قرار دیا جانا، اُس سیاسی جماعت اور اس کی قیادت کے لئے یقیناً فوری طور پر لائق توجہ ہونا چاہئے جو اقتدار میں آنے سے پہلے ملک میں آزادی اظہار کی سب سے بلندبانگ علم بردار تھی۔ اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے برسراقتدار آنے کے بعد آئین کی دفعہ 19کے برخلاف اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ میڈیا ہاؤسز کو سرکاری لائن پر چلنے پر مجبور کیا جا رہا اور ایسا نہ کرنے والوں کو غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صحافتی گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمٰن کا سات ماہ سے کسی قانونی جواز کے بغیر جیل میں رکھا جانا حکومت کی اس پالیسی کا واضح مظہر ہے۔ آزاد میڈیا کی آواز دبانے کیلئے غیرعلانیہ سنسر شپ، مالکان کو ٹیلیفون پر دھمکیاں، مالی مشکلات پیدا کرنے، صحافیوں کے اغوا اور خاتون صحافیوں کا ٹرولنگ کا ہدف بنایا جانا جیسے تمام حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ میڈیا ہاؤسز کے سرکاری واجبات کی ادائیگی روکے جانے پر مالکان نے اپنے اداروں میں وسیع پیمانے پر ملازمین کی چھانٹی شروع کردی جبکہ اس پر احتجاج کرنے والے صحافیوں کے ساتھ حکومت نے آمرانہ سلوک کیا جس کی وجہ سے نامساعد حالات کا اصل نشانہ عامل صحافی بنے ہوئے ہیں۔ اعلامیے میں بالکل درست طور پر مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت میڈیا انڈسٹری اور سول سوسائٹی کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات پر بات چیت کرے اس مطالبے پر حکومت کا مثبت ردِعمل اور اس سمت میں فوری اقدامات آزادی اظہار کے حوالے سے اس کی ساکھ کی بحالی کا ذریعہ بن سکتے ہیں جبکہ اسے نظر انداز کرنا ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اس کے لئے مزید نقصان دہ ہوگا۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین