وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، خوشی ہے کہ عالمی برادری نے اس موقف کو تسلیم کر لیا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے لیے آنے والے چیئرمین افغان مصالحتی کونسل عبداللّٰہ عبداللّٰہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، خوشی ہے کہ عالمی برادری نے اس موقف کو تسلیم کر لیا۔
عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری نے افغان امن عمل آسان بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان قیادت 12 ستمبر کے دوحا انٹرا افغان مذاکرات کے بعد کے تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔
وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والے اتفاق کی حمایت کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ بحالی اور معاشی ترقی میں بھی افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران نے پاک افغان دو طرفہ تجارت کے مواقع کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صدر اشرف غنی کی دعوت پر دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔