لاہور (نمائندہ جنگ)موٹروے زیادتی کیس میں 20روز بعد اہم پیشرفت ہوگئی۔ پولیس متاثرہ خاتون کو بیان دینے پر راضی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ابتدائی بیان بذریعہ ٹیلی فون دے گی۔متاثرہ خاتون کا 161 کاابتدائی بیان کا ٹرانسکرپٹ چالان کیساتھ لف ہوگا۔پولیس عدالت سے ان کیمرہ ٹرائل کی درخواست کرے گی۔دوران ٹرائل متاثرہ خاتون کا فرضی نام استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،متاثرہ خاتون نے ملزم شفقت علی کی شناخت کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کردی۔دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے ملزم شفقت کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی ۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کیلئے پولیس کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے قبل ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کو یقینی بنایا جائے۔