پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 20 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 543 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 5 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 616 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 12 ہزار 806 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 484 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 8 ہزار 825 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 490 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 97 ہزار 497 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 37 ہزار 106 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 499 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 99 ہزار 479 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 235 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 811 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 260 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 611 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 182 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 281 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 146 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 3 ہزار 787 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 88 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 2 ہزار 731 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 74 مریض وفات پا چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 239 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 35 لاکھ 48 ہزار 476 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔