• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، کراچی میں 9 ریسٹورنٹ سیل


کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر کراچی کے علاقوں بوٹ بیسن، دعا چورنگی، صدر اور آرام باغ میں 9 ریسٹورنٹس سیل کردیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ان ریسٹورنٹس میں موجود کسی شہری نے ماسک نہیں پہنا تھا اور سماجی فاصلہ بھی نہیں رکھا گیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 3 ریسٹورنٹس دعا چورنگی پر، 3 بوٹ بیسن پر، 2 ریسٹورنٹس آرام باغ جبکہ ایک ریسٹورنٹ صدر میں سیل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب 12 بجتے ہی کراچی کے علاقے منگھو پیر کی یو سی 8 میں 15 دن کے لیے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 15 اکتوبر شام 7 بجے تک نافذ رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس علاقے میں واقع دو بلڈنگز میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے، علاقے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے، تاحکمِ ثانی علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوں گی۔

مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران علاقے میں صرف راشن کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 747 کیسز میں سے 365 صرف کراچی کے ہیں۔

تازہ ترین