برصغیر کے لیجنڈ اداکار اور اپنے زمانے کے رومانی فلموں کے شہرت یافتہ ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان) نے پشاور میں واقع اپنے آبائی گھر کے حوالے سے یادیں شیئر کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں 98 سالہ سینیئر اداکار نے اس گھر میں گزارے اپنے بچپن کی یادوں کا تذکرہ کیا ہے، جہاں وہ اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ رہا کرتے تھے۔
واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کا یہ مکان پاکستان کے شہر پشاور میں واقع ہے۔ جہاں وہ پیدا ہوئے اور پھر وہاں (پشاور، پاکستان) سے ممبئی منتقل ہوگئے تاکہ اداکاری کے شعبے میں اپنے خوابوں کی تعیبر پاسکیں۔
ٹوئٹ میں دلیپ نے اپنی یادوں کو تحریر کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک دم ان عہد میں پہنچ گیا ہوں جس میں میرے والدین، میرے دادا دادی، نانا نانی اور متعدد چچا، تایا ماموں، خالائیں، پھوپھیاں، چچی اور کزنز رہا کرتے تھے۔
جنکی آواز و گفتگو اور ہنسی گھر میں گونجا کرتی تھی، اپنی والدہ کے بارے اپنی یاداشت کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ وہ کافی کمزور تھیں اور ہمیشہ گھر کے بڑے سے باورچی خانے میں مزیدار کھانے بنایا کرتی تھیں، میں اس وقت چھوٹا سا بچہ تھا اور میں منتظر رہتا تھا کہ وہ اپنے کاموں سے فارغ ہوجائیں تو پھر اسکے بعد میں انکے ساتھ بیٹھ کر انکا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں۔
اپنے بچپن میں اپنے کزنز کے ساتھ اس بڑے سے گھر میں گزرے وقت کے حوالے سے بتاتے ہوئے ماضی کے عظیم اداکار نے کہا کہ مجھے وہ کمرہ یاد ہے جہاں خاندان کے سارے لوگ جمع ہوکر شام کی چائے اور اسکے ساتھ لوازمات نوش کرتے تھے اور خواتین وہیں نماز پڑھا کرتی تھیں۔
انھوں نے کہا کہ میرے دادا مجھے اپنی پیٹھ پر بٹھاکر سیر کرایا کرتے تھے جبکہ میری دادای مجھے ڈراؤنی کہانیاں سنایا کرتی تھیں تاکہ میں گھر سے باہر تنہا نہ نکلا کروں۔
اپنے گھر میں کزنز اور بہن بھائیوں کے ساتھ کھیلنے کے علاوہ انھوں نے گھر کے قریب مقامی مارکیٹ جانے اور اس سے لطف اندوز ہونے پر مبنی اپنی یادیں بھی شیئر کیں، اور کہا کہ قصہ خوانی بازار کی حسین یادیں اب بھی میری نگاہوں میں گھوم رہی ہیں، جہاں میں نے کہانی سنانے والے سے اپنی زندگی کا پہلا سبق سنا تھا۔