اسلام آباد( نیوز ایجنسیز) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کس کا ایجنڈا پورا کرنے میں مدد گار ہیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے ملک دشمن عناصر میں خوشی کی لہر دوڑ رہی ہے۔،مرادسعید نے کہا کہ ہندوستانی سرمایہ کاری کا حق ادا کررہے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹی وی انٹرویو میں اسی چیز کا ذکر کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے پر آخر یہ لوگ اتنے خوش کیوں ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے لے کر سرحد پر لڑنے والے سپاہی تک تب اکٹھے ہیں، جو ان ہو یا افسر اکٹھے شہید یا غازی ہوتے ہیں، نواز شریف اور پورا خاندان اشتہاری، مفرور ہے، دشمن کے بیانیہ پر پاک فوج کوبدنام اور ہندوستانی سرمایہ کاری کا حق ادا کر رہے ہیں۔ جمعہ کو وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ میاں نواز شریف مفرور اور عدالتوں سے سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں، نواز شریف اور ان کا پورا خاندان عدالتوں سے مفرور اور اشتہاری ہیں، نواز شریف ہندوستان جا کر حریف رہنمائوں سے ملاقات کرنے کی بجائے، ہندوستانی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرتے ہیں، کھٹمنڈو میں چھپ کر ملاقات کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا پر یہ چل رہا ہے کہ ہندوستان نے میاں نواز شریف پر سرمایہ کاری کی ہے اور پاک افواج سے چھپ کر ملاقاتیں کوئی کیوں کرتا ہے، سجن جندال بغیر ویزا کے مری آیا اور اسے میاں نواز شریف نے چھپانے کی کوشش کی، کلبھوشن کے معاملے پر نواز شریف نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، ان کے بیانات عالمی عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کئے جاتے ہیں۔