• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی تقریریں آن ایئر کرنے کا مخالف ہوں، شہباز گِل


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل کہتے ہیں کہ قوم نے مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی چند تقریریں سنیں، میں پہلےدن سے نواز شریف کی تقریریں آن ایئر کرنےکا مخالف ہوں۔

لاہور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ مجھے پہلے سے خدشہ تھا کہ نواز شریف کی تقاریر ملک اور ملکی اداروں کے خلاف ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو شبہ نہیں کہ بھارت پاک فوج کو کمزور کر کے ملک توڑنا چاہتا ہے، بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے، ہماری مسلح افواج کو متنازع بنانا چاہتا ہے، بھارت ففتھ جنریشن وار کے ذریعے ملکی سرحدوں اور افواج پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔

شہباز گِل نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی نے حلف نامہ دیا تھا کہ نواز شریف 4 ہفتوں میں صحت یاب ہو جائیں گے، شہباز شریف پر ترس آتا ہے، وہ قومی اسمبلی میں تقریر بھی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے خود اپنی ضمانت کی درخواست واپس لی، وہ سپریم کورٹ کے بجائے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ 1993ء میں بھی نواز شریف کا فوج سے مسئلہ بنا، فوج کے ساتھ نواز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ امیر المومنین بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی سے ملاقات کے لیے آپ دفاعی اداروں کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں؟ قوم کے بچے سرحدوں پر شہید ہو رہے ہیں اور آپ چند ٹکوں کے لیے جندال سے مل رہے ہیں۔

شہباز گِل کا کہنا ہے کہ سوال سیدھا ہے، آپ کو اپنے اثاثوں سے متعلق جواب دینے ہوں گے، آپ اپنا گند پاک فوج پر نہ ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بھی کچھ کوتاہیاں ہوں گی لیکن ہم اپنی غلطیاں فوج پر نہیں ڈالیں گے، ہماری مسلح افواج کے جوان ہر آفت میں قوم کی مدد کیلئے ہر اول دستے کا کام کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ شروع سے جھوٹ بولتے ہیں، آپ نے ہر معاملے پر جھوٹ بولا، آپ کو سیاست کے بجائے ایکٹنگ کرنی چاہیے تھی، جس سے زیادہ پیسے کماتے۔


انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب بھی پھنستے ہیں تو جمہوریت کے چیمپئن بن جاتے ہیں، آپ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ سعودی عرب میں آپ کے ساتھ کیا ہوا تھا؟

شہبازگِل کا کہنا ہے کہ ہمیں سب پتہ ہے کہ آپ نے پچھلے ہفتے کس سے اور کہاں ملاقاتیں کیں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم قوم کو سب کچھ بتا دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم کھڑے ہیں، ہمارے ساتھ سیاست کریں، فوج کے خلاف نہ جائیں، بیرونِ ملک علاج کیلئے بھجوانے کے وقت بہت سے لوگ آپ کے دھوکے میں آ گئے تھے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی کا مزید کہنا ہے کہ بیرونِ ملک بھیجنے سے پہلے ان سے 7 ارب روپےبطور زرِ ضمانت لینا چاہیے تھے۔

شہباز گِل کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف نے ملک، فوج اور ملکی اداروں کی عزت پامال کی، رانا ثناء اللہ صبح کچھ اور رات کو کچھ کہتے ہیں، ان کی اپنی پارٹی ان کی بات نہیں سنتی۔

تازہ ترین