سندھ حکومت نے گاڑیوں کی خرید و فروخت کو نیشنل ڈیٹا اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق نئے سسٹم پر ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور نادرا حکام کے درمیان ابتدائی معاملات طے پاگئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی) ایکسائز سندھ شعیب صدیقی کے مطابق خریدار پر گاڑی کا ایک ماہ کے اندر اپنے نام پر اندراج کرانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا سینٹرز پر بائیومیٹرک کے ذریعے خرید و فروخت کا عمل مکمل ہوگا۔
ڈی جی ایکسائز نے یہ بھی کہا کہ گاڑی کی خرید و فروخت کے لیے خریدار اور فروخت کنندہ کو نادرا سینٹر جانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے فروخت کنندہ اور خریدار کے انگوٹھے کے نشانات لیے جائیں گے اور اس کے بعد دونوں ہی کو رسید ملے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز سندھ نے واضح کیا کہ انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ہی گاڑی ٹرانسفر کی جاسکے گی، اوپن لیٹر پر گاڑی چلانے سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ اگر گاڑی 4 بار فروخت ہوتی ہے تو صرف ایک بار ہی ٹرانسفر کرائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بائیو میٹر ٹرانسفر سے وہیکل ٹیکس اور ریونیو میں 30 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔