شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی اداکار سلمان سعید نے کہا ہے کہ اُن کی شادی مکمل طور پر ارینج تھی۔
سلمان سعید نے اہلیہ علینا کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی شادی، کیرئیر اور نجی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔
حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے سلمان سعید نے اپنی شادی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی شادی مکمل طور پر ارینج تھی، اُن کی بھابھی یعنی ہمایوں سعید کی اہلیہ ثمینہ ہمایوں سعید کی علینہ کے اہل خانہ سے بات چیت تھی۔
اداکار نے بتایا کہ ’علینہ کی والدہ چاہتی تھیں کہ علینہ کی شادی جلد از جلد ہوجائے لہذا مجھے علینہ کی تصاویر دکھائی گئیں جس کے بعد میں نے علینہ سے فون پر بات کی۔‘
سلمان سعید نے کہا کہ علینا سے شادی کرنے کی سب سے اہم وجہ یہ تھی کہ وہ ان کی فیملی کو مکمل طور پر سمجھتی ہیں۔
میزبان سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان سعید کی اہلیہ علینہ فاطمہ نے کہا کہ وہ اور سلمان بہت اچھے دوست بھی تھے، اسی وجہ سے ان کے گھر والوں نے بھی اس رشتے کو قبول کرلیا۔
علینہ نے بتایا کہ سلمان اُن کا بہت خیال رکھتے ہیں اور اُنہیں سمجھتے بھی ہیں، شادی کے بعد اُنہیں اندازہ ہوگیا کہ سلمان ہی اُن کی زندگی کے بہترین ساتھی ہوسکتے تھے۔
واضح رہے کہ سلمان سعید کی شادی کی تصاویر کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ان کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی تھی۔
سلمان سعید کی شادی میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور فنکاروں نے شرکت کی تھی جن میں اداکار عدنان صدیقی، احمد علی بٹ، عمران اشرف اور واسع چوہدری شامل ہیں۔