سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل کے معاملے پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران کا تحریری بیان سامنے آگیا، جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے کے سیکریٹری نے پہلے نواز شریف کے وارنٹس وصول کرنے کی ہامی بھری پھر معذرت کر لی۔
فرسٹ سیکریٹری دلدار علی ابڑو کے مطابق نواز شریف کے بیٹے کے سیکریٹری وقار احمد کے ساتھ طے پایا کہ وہ 23 ستمبر کو دن 11 بجے وارنٹس وصول کریں گے۔
وقار احمد کو بتایا گیا کہ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان وارنٹس کی تعمیل کے لیے آئیں گے، 10 بجکر 20 منٹ پر وقار احمد نے انہیں کال کر کے وارنٹس کی وصولی سے معذرت کر لی۔
راؤ عبدالحنان کے مطابق وہ 17 ستمبر کو شام 6 بجکر 35 منٹ پر لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر وارنٹس کی تعمیل کے لیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے ذاتی ملازم محمد یعقوب نے وارنٹِ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث نوازشریف کے وارنٹِ گرفتاری کی دستی تعمیل نہیں ہو سکی۔
پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے دونوں افسران کے بیانات اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت میں عدم پیشی پر نوازشریف کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا آغاز آج ہو گا۔