قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کر دی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے خط لکھا ہے جو وزارتِ داخلہ کو موصول ہو چکا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے وارنٹِ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں، انہیں اشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
خط میں سفارش کی گئی ہے کہ نواز شریف کی سفری دستاویزات منسوخ کی جائیں اور ان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔
نیب نے اپنے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپسی کیلئے وزارتِ داخلہ انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔
دوسری جانب سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سمیت دیگر نون لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کی سربراہی میں 4 افسران پر مشتمل ٹیم معاملے کی تفتیش کرے گی۔
ڈی ایس پی محمد غیاث، انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور سب انسپکٹر شبیر اعوان بھی ٹیم میں شامل ہیں، مقدمے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
مقدمہ ایک شہری بدر رشید کی جانب سے نواز شریف سمیت 42 نون لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کرایا گیا تھا، جس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر اور 3 سابق جرنیل بھی نامزد کیئے گئے ہیں۔