پاکستان مسلم لیگ (ن) کے باغی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے اپنی ہی پارٹی پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ ہم اداروں کے خلاف چلنے والوں کی راہ روکیں گے۔
اشرف انصاری سے ن لیگ نے استعفیٰ طلب کیا تھا جس کے رد عمل میں جواب دیتے ہوئے ناراض لیگی ایم پی اے نے کہا کہ ہم سے استعفیٰ مانگنے والے الیکشن کمیشن میں ہمارے خلاف ریفرنس دائر کریں۔
گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اشرف انصاری نے کہا کہ کل اسمبلی میں ہونے والے واقعے پر ہماری برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
اشرف انصاری نے کہا کہ پاکستان کے ادارے ہماری عزت کی علامت ہیں۔
ایک اور ناراض رکن مولانا غیاث الدین نے بھی ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو محسوس ہو گیا ہے کہ ان کے کئی پرندے پرواز کرنے والے ہیں اور اگر اپوزیشن میں ہمت ہے تو استعفے دے۔