• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے فیصلے سے اختلاف کا حق رکھتا ہوں، جلیل شرقپوری


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف کے فیصلے سے اختلاف کا حق رکھتا ہوں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں جلیل شرقپوری نے کہا کہ عمران  خان صحیح بات کر رہے ہیں، انہوں نے اقوامِ متحدہ میں اسلام کا نعرہ لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہے تو پھر وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے ووٹ کو بھی عزت دینی چاہیے، میں آٹھ سال تحریک انصاف کا حصہ رہ چکا ہوں۔

جلیل شرقپوری نے مزید کہا کہ نواز شریف سے نظریاتی اختلاف ہوا تو ن لیگ سے الگ ہوگیا تھا، رانا تنویر نے ن لیگ کا ٹکٹ لینے کے لیے آمادہ کیا۔


ان کا کہنا تھا کہ میں نے مسلم لیگ (ن) کا انتخابی ٹکٹ لیا ہی نواز شریف کے کہنے پر تھا وہ بھی اس شرط پر کہ نواز شریف سے اختلاف رہے گا۔

ن لیگی منحرف ایم پی اے نے یہ بھی کہا کہ تمام جماعتوں میں اختلاف رائے کا حق ہونا چاہیے، اختلافِ رائے کا سننا اور برداشت کرنا ہی جمہوریت ہے، پارٹی قائد سے کچھ اصولی اختلافات ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف نے پارٹی نہیں بدلی؟ لوٹے تو یہ سب ہیں، ن لیگ میں واپس نیک نیتی سے آیا ہوں اور اس کا حصہ ہوں۔

جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ماڈل ٹاؤن میں چڑھائی کی گئی، پاکستان کی خدمت کرنے کے لیے سیاست میں آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) نے میرے اور میں نے ن لیگ کے ووٹ لیے ہیں، ہمارے مشترکہ ووٹ ہیں، مجھے جو نوٹس ملا میں نے اس کا جواب دے دیا۔

ن لیگی منحرف ایم پی اے نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ پارٹی قائد کو چاہیے کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے بات کریں۔

تازہ ترین