• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُنیا بھر میں بے شمار رنگ برنگے پھول پائے جاتےہیں مگر ان سب میں گلاب کو بادشاہ کا درجہ حاصل ہے جبکہ اسے محبّت کی علامت بھی تصوّر کیا جاتا ہے۔ گلاب صرف خوشبو بکھیرنے یا محبّت کے اظہار ہی کا ذریعہ نہیں بلکہ کئی امراض کے علاج کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ آج ہم اُنہیں حیرت انگیز فوائد کے بارے میں جانیں گے۔

گلاب کے حیرت انگیز فوائد:

  • عام طور پر خون کی حدّت، معدے کی تیزابیت یا پھر گرم اشیاء کے زیادہ استعمال سے منہ میں چھالے پڑجاتے ہیں جن میں بےحد تکلیف ہوتی ہے اور کچھ کھایا پیا بھی نہیں جاتا۔ اگرعرقِ گلاب میں گلاب کا سفوف مِکس کرکے چھالوں پر لگالیا جائے، تو فوری آرام ملتا ہے۔
  • منہ سے بدبو آنے اور مسوڑھوں سے خون رسنےکی صُورت میں گلاب کے جوشاندے سے غرارے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
  • دل کی کمزوری میں مبتلا مریض ایک کپ عرقِ گلاب میں آدھا چائے کا چمچ گلاب کا سفوف مِکس کرکے دِن میں دو بار استعمال کریں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ماہرِ امراضِ قلب کی تجویز کردہ ادویہ استعمال نہ کی جائیں۔
  • اگر آنتوں کی خراش، کمزوری یا خونی و صفراوی رطوبت کے باعث اسہال کی کیفیت ہو تو گلاب بطور سفوف یا عرق استعمال کیا جائے۔
  • پسینے کی بدبو کے لیے بے شمار ڈیوڈرینٹس وغیرہ دستیاب ہیں مگر ان کا زیادہ عرصے تک استعمال مضر ثابت ہوسکتا ہے، لہٰذا ایک شیشی میں گلاب کا سفوف اورعرق مِکس کرکے فریج میں رکھ لیں۔ روزانہ پسینے والی جگہوں پر اس مکسچر کا معمولی سا لیپ کرنے سے پسینے کی بُو نہیں آتی۔
  • قبض، جسے اُمّ الامراض کہا جاتا ہے، اس کی تکلیف سے نجات کے لیے گلاب سے تیار ہونے والا گل قند شافی علاج ہے۔
  • آنکھوں کی سُرخی دُور کرنے میں تو عرقِ گلاب کا کوئی ثانی نہیں۔

نکھرتے چہرے کے لیے گلاب:

جِلد، خصوصاً چہرے کی خوبصورتی و دِلکشی کے لیے عرق گلاب 10 گرام، ویزلین 50 گرام، لیموں کا رس اور کافور 5 ،5 گرام مِکس کر لیں۔ پھر آنکھوں کا حصّہ چھوڑ کر چہرے پر کاٹن پیڈ کی مدد سے لیپ کرکے 30 منٹ بعد دھولیں۔ چہرہ یک دم کِھل اُٹھے گا۔

تازہ ترین