پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کی اپیل کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
سلیم ملک نے کیس کی سماعت کے بعد کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیٹر میں واضح لکھا ہے کہ ٹرانسکرپٹ تصدیق شدہ نہیں ہے، اُنہیں امید ہے کہ فیصلہ ان کے حق میں ہو گا۔
سلیم ملک کی اپیل کیس کی سماعت آزاد ایڈجیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کی۔
سلیم ملک نے آئی سی سی کی جانب سے دیئے گئے ٹرانسکرپٹ کا جواب نہ دینے کے معاملے پر اپیل دائر کر رکھی ہے۔
سابق کپتان نے اس حوالے سے کہا کہ آئی سی سی کے لیٹر میں واضح لکھا ہے کہ ٹرانسکرپٹ تصدیق شدہ نہیں ہے، جس کے بعد ان پر پابندی کا جواز نہیں بنتا وہ پُرامید ہیں انصاف ملے گا۔
سماعت کے بعد سلیم ملک کے وکیل سعود چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئی سی سی کا لیٹر آج پہلی بار دیکھا، آئی سی سی خود اپنی دستاویزات کی تصدیق نہیں کررہا تو ہم اس کا کیا جواب دیں۔
دو گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد اپیل کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے، جو 15 روز میں سنادیا جائے گا۔