• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹر وے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد شناخت پریڈ کیلئے جیل منتقل




موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا۔

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں موٹر وے زیادتی کیس کی سماعت جج ارشد حسین بھٹہ نے کی۔

ملزم عابد ملہی کو سی آئی اے ماڈل ٹاؤن کی ٹیم نے عدالت کے روبرو پیش کیا۔

اس موقع پر پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کیلئے 14 روز کے لیے جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ موٹر وے ریپ کیس کا مرکزی ملزم عابد ایک ماہ تک فرار رہنے کے بعد گزشتہ روز لاہور کے قریب مانگا منڈی سے گرفتار ہوا ہے۔

عابد نے پولیس کے فراہم کردہ نمبر اور فون پر اپنی اہلیہ سے رابطہ کیا تھا، جب وہ اپنی اہلیہ سے ملنے آیا تو پولیس کے سادہ لباس اہلکاروں نے اسے دھر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر وے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کو لاہور کے قریب مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا ہے، اس کیس میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ڈکیتی کے بعد خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کی تھی۔

ملزم عابد کو گرفتار کر کے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن لاہور منتقل کیا گیا اور اس کا دوبارہ ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا۔

اس سے قبل 4 مرتبہ قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور فورٹ عباس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم آج اسے پکڑ لیا گیا۔

سی آئی اے ماڈل ٹاؤن لاہور میں تفتیش کرنے والے پولیس کے اعلیٰ افسران کے سامنے موٹر وے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی نے انکشاف کیا ہے کہ 9 ستمبر کو واردات کے بعد وہ پہلے ننکانہ اور پھر بہاولپور چلا گیا تھا جہاں ماسک پہن کر گھومتا رہا، ایک مہینہ پبلک ٹرانسپورٹ میں مختلف شہروں میں بھی پھرتا رہا، پیسے ختم ہونے پر بیوی سے رابطہ کیا تو پولیس نے اسے پکڑ لیا۔


ملزم عابد نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ میں، شفقت اور بالا مستری 9 ستمبر کو واردات کے ارادے سے کورول گاؤں سے نکلے تھے، بالا مستری راستے سے واپس چلا گیا، جبکہ میں اور شفقت کورول جنگل کی طرف چلے گئے۔

ملزم کے مطابق جنگل میں دو، تین ٹریکٹر ٹرالی والوں کو لوٹا، پھر موٹر وے پر گاڑی کھڑی دیکھی جس کے انڈیکٹر جل رہے تھے، وہاں پہنچے تو خاتون کو دیکھ کر گاڑی سے نکلنے کا کہا، خاتون کے انکار پر گاڑی کا شیشہ توڑا اور اسے زبردستی باہر نکالا۔

ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ خاتون سے گھڑی، زیورات اور رقم لوٹنے کے بعد اسے مو ٹروے سے نیچے جانے کو کہا، اس نے انکار کیا تو اس کے بچوں کو نیچے لے گئے۔

ملزم عابد ملہی کے مطابق خاتون بچوں کو بچانے آئی تو اسے زیادتی کا نشانہ بنایا، کچھ دیر بعد ڈولفن اہلکاروں نے آ کر فائرنگ کی تو ہم فرار ہو گئے، میں ننکانہ اور شفقت دیپالپور چلا گیا۔

تازہ ترین